کراچی( اسٹاف رپورٹر) جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی کی دوسری چار برس کی مدت مکمل ہونے پر جامعہ این ای ڈی کے سینئر ترین پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے وہ مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔ ڈاکٹر سروش لودھی کی مدت ملازمت رواں ماہ 21 مارچ کو مکمل ہورہی ہے۔ محکمہ بورڈز و جامعات کے سیکریٹری عباس بلوچ نے قائم مقام وی سی کے لیے تین نام بھیجے تھے جن میں آرکیٹیکچر کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد، پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل شیخ اور شعبہ برقیات کے پروفیسر سعد احمد قاضی شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے سینئر ترین پروفیسر ہونے کے ناتے ڈاکٹر نعمان احمد کے نام پر اتفاق کیا وہ 22 مارچ کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔