برطانیہ میں مبینہ دہشت گردی کے الزام میں گرفتار 5 افراد زیر تفتیش ہیں، میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کو گرفتار کئے گئے ان افراد سے تحقیقات جاری ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کی انسداد دہشت گردی یونٹ نے ایک مبینہ دہشت گردی کے منصوبے کے سلسلے میں 5 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جن سے تفتیش جاری ہے۔
ان افراد میں 4 ایرانی شہری شامل ہیں جبکہ پانچویں شخص کی قومیت اور عمر کی تصدیق تاحال نہیں ہو سکی ہے۔
یہ گرفتاریاں ہفتہ 4 مئی کی صبح سویرے سوئنڈن، ویسٹ لندن، اسٹاک پورٹ، روچڈیل اور مانچسٹر میں کی گئیں۔ گرفتار شدگان میں 2 کی عمر 29 سال، ایک 40 سالہ اور ایک 46 سالہ شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد پر ایک مخصوص مقام کو نشانہ بنانے کے منصوبے میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ اس ممکنہ متاثرہ جگہ کو مطلع کر دیا گیا ہے اور اسے مکمل حفاظتی تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔
اس کارروائی کے علاوہ ہفتے کے روز لندن میں 3 مزید ایرانی شہریوں کو ایک علیحدہ انسداد دہشت گردی کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا۔
برطانیہ کی وزیر داخلہ یوویٹ کوپر نے ان کارروائیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ آپریشنز حالیہ برسوں میں ریاست مخالف خطرات اور دہشت گردی کے خلاف کیے گئے سب سے اہم اقدامات میں شامل ہیں۔
’روچڈیل اور سوئنڈن میں کی گئی کارروائیوں کی ویڈیو فوٹیج میں مسلح افسران کو مشتبہ افراد کو گرفتار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق روچڈیل میں چھاپے کے دوران فوجی اہلکار بھی معاونت فراہم کر رہے تھے۔
انسداد دہشت گردی یونٹ اس معاملے پر مزید تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے اور عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ اگر ان کے پاس کوئی بھی متعلقہ معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔