کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو50 رنز سے آئوٹ کلاس کرتے ہوئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پروٹیز پھر چوک کرگئے۔ اتوار کو دبئی میں فائنل دو سابق چیمپئنز بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ڈیوڈ ملر کی برق رفتار، نا قابل شکست سنچری بھی نیوزی لینڈ کو شکست سے نہ بچاسکی۔ انہوں نے آخری گیند پر سنچری مکمل کی، وہ 67 گیندوں پر چار چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے100 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں بدھ کو دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے50 اوورز میں 6وکٹ پر362 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کردیا۔ ناکام ٹیم 9 وکٹ پر312رنز بناسکی۔ پلیئر آف دی میچ راچن رویندرا نے سنچری بنانے کے علاوہ20 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی اور دو کیچ لئے۔ مچل سینٹنر نے43رنزدے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے ہدف کے تعاقب میں پروٹیز کی پہلی وکٹ 20 رنز پر ہی گرگئی جب ریان رکلٹن 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ کپتان ٹمبا باووما اور راسی وین ڈار ڈوسن نے 105 رنز کی شراکت قائم کی ۔ ٹمبا 56 اور ڈوسن 69 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ ایڈن مارکرم 31 اور ہینرک کلاسن صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی ۔ اوپنر ول ینگ 21 اور ٹام لیتھم 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ راچن رویندرا اور کین ولیمسن نے دوسری وکٹ کے لیے 164 رنز کی اہم شراکت قائم کی، راچن رویندرا 101 گیندوں پر ایک چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے 108 رنز بناکر آؤٹ ہوئے راچن نے پانچویں ون ڈے سنچری بنائی ، ولیمسن نے 94 گیندوں پر 102 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔ ڈیرل مچل نے 37 گیندوں پر 49 ، گلین فلپس نے 27 گیندوں پر 49 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 6 چوکے شامل تھے۔ مچل اورفلپس کی شراکت میں30گیندوں پر57رنز بنے۔ انگیدی نے72 رنز دے کر تین، ربادا نے70رنز کے عوض دو وکٹ لیے، مارکو جینسن نے بغیر وکٹ لیے 79رنز دیے۔