کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے قذافی اسٹیڈیم میں سیمی فائنل کے موقع پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا ، پی سی بی چیئرمین محسن نقوی ، صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ فاروق احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر کرکٹ جنوبی افریقا اور نائب صدر ڈاکٹر محمد موسی جی ، ڈائریکٹر نیوزی لینڈ کرکٹ راجر ٹوز اور دیگر اعلی حکام موجود تھے۔ آئی سی سی کے چیئرمین اور بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ پاکستان نہیں آئے۔ البتہ وہ دبئی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے میچوں میں دکھائی دیئے۔ راجیو شکلا2023 میں بھی لاہور آئے تھے۔ پی سی بی دیگر ملکوں کے بورڈز کے سربراہوں کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔ لیکن آئی سی سی کے سربراہ ، بھارتی کرکٹ ٹیم ، امپائروں، میچ ریفری اور کمنٹیٹرز کی طرح پاکستان نہیں آئے۔ چند بھارتی صحافیوں نے پاکستان آکر میچوں کی کوریج ضرور کی۔ پی سی بی کے مطابق محسن نقوی نے غیرملکی بورڈز کے سربراہان کا خیر مقدم کیا۔ مہمانوں نے چیئرمین سے ملاقات کی اور چیمپئنز ٹرافی کیلئے بہترین انتظامات اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ راجیو شکلا نے محسن نقوی کو اپنی کتاب کا تحفہ پیش کیا۔