کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری ملک میں جا ری مانیٹری پالیسی سے غیر مطمئن ہے، ایف پی سی سی آئی کا مطالبہ ہے کہ اس میں فوری اور سنگل اسٹروک 500 بیسس پوائنٹس کی کمی کی جائے،ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنی مانیٹری پالیسی کمیٹی کی آخری میٹنگ جو کہ 27 جنوری کو ہو ئی تھی میںپالیسی ریٹ میں محض 100بیسس پو ائنٹ کی ناکافی کمی کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے اس حقیقت پر زور دیا کہ ملک میں مہنگائی 9 سال کی کم ترین سطح تک گرچکی ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے بتایا کہ حکومت کے اپنے اعدادوشمار کے مطابق مہنگائی کی شرح فروری 2025 میں 1.5فیصد اور جنوری میں 2.4فیصد رہی۔ لیکن،اس کے باوجود پالیسی ریٹ کی شرح 12فیصد پر موجود ہے۔