جنیوا(رضا چوہدری / نمائندہ جنگ ) مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر جیسے جنگ زدہ خطوں میں ماحولیاتی حقوق کے تحفظ میں درپیش چیلنجوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق سے لطف اندوز ہونے کے لیے ایک صحت مند ماحول کا ہونا اشدضروری ہے، مقبوضہ کشمیر میں ماحولیاتی حقوق کا تحفظ بڑا عالمی چیلنج ہے۔ جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے 58ویں اجلاس کے موقع پر” آئی اے ایس پی ڈی اور کے آئی آئی آر“ کی مشترکہ میزبانی میں منعقد تقریب میں بین الاقوامی ماہرین، ماحولیاتی کارکنوں اور دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور خطاب کیا جن میں امریکہ سے انسانی حقوق کی کارکن میری سکلی، راجہ عاصم زیب ،الطاف حسین وانی ، طلحہ بھٹی اور کینتین نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت صدر آئی اے ایس پی ڈی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے آئی آئی آر سردار امجد یوسف خان نے کی۔