کراچی (رفیق مانگٹ )بھارت اور یورپی یونین نےاعلان کیا کہ وہ رواں سال کے آخر تک ایک آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کو حتمی شکل دیں گے،یورپی یونین کا انڈیا کیساتھ جاپان اور جنوبی کوریا طرز پر "سیکورٹی اینڈ ڈیفنس پارٹنرشپ" پر غور ، ٹرمپ کی طرف سے ممکنہ محصولات کے تناظر میں معاہدہ اہم ہوگا، جرمن، امریکی اور بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اعلان بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین کے درمیان نئی دہلی کے مذاکرات کے بعد سامنے آیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس معاہدے کو عالمی سطح پر اپنی نوعیت کا سب سے بڑا معاہدہ قرار دیتے ہوئے اسے بالخصوص امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے عائد کردہ ممکنہ محصولات کے تناظر میں وقت کی اہم ضرورت بتایا۔ یورپی کمیشن کی صدر دو روزہ دورے پر ہندوستان میں ہیں ،ان کے ہمراہ یورپی کمیشن کے 22 اراکین بھی موجود ہیں۔ ای یو ہندوستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، جہاں گزشتہ دہائی میں دو طرفہ تجارت 90 فیصد بڑھ کر 2023-24 میں 137.5 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔