پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا فیصل نے بتایا ہے کہ ماضی میں ٹی وی پر کسی بھی لفظ کا تلفظ غلط ہونے پر بہت زیادہ سختی کی جاتی تھی۔
صبا فیصل نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے بطور نیوز اینکر کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ ماضی میں ٹی وی پر لائیو نشریات کے دوران اگر کوئی’ک‘ اور ’ق‘ کے تلفظ میں فرق نہیں کر سکتا تھا تو پی ٹی وی کے ہیڈ کواٹر سے فون آ جاتا تھا کہ آپ نے یہ لفظ غلط بولا ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ ماضی میں الفاظ کے تلفظ کی ادائیگی پر بہت زیادہ سختی ہوتی تھی اسی لیے تو ہماری اردو آج بہتر ہے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ مجھے الفاظ کے تلفظ کی غلط ادائیگی پر تو کبھی آف ایئر نہیں کیا گیا لیکن مجھے بہت زیادہ دبلے پتلے ہونے کی وجہ سے ایک بار آف ایئر کیا گیا تھا۔
صبا فیصل نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت کہا جاتا تھا کہ بہت زیادہ دبلی پتلی لڑکی سر پر دوپٹہ پہنے ہوئے اسکرین پر بہت عجیب لگے گی۔