خواتین کے مرچیں پیسنے کی منفرد اور مزاحیہ ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔
وائرل ویڈیو میں 2 خواتین نے خشک لال مرچوں کو پیسنے کا ایسا طریقہ دکھایا ہے جو نہ صرف روایتی طریقوں سے مختلف ہے بلکہ دیکھنے والوں کو ہنسنے پر مجبور کر دیتا ہے۔
اگرچہ عام طور پر مرچیں پیسنے کے لیے روایتی طریقہ مشین اور سل بٹے کا استعمال کیا جاتا ہے، لیکن اس ویڈیو میں خواتین نے ایک منفرد سیسو نما سیٹ اپ کا استعمال کیا ہے۔
ویڈیو ایک انسٹاگرام پیج پر شیئر کی گئی ہے اور اب تک 2.2 ملین سے زائد بار دیکھی جا چکی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پہلی خاتون فرش پر بیٹھ کر ایک راڈ پکڑے ہوئے ہے جسے ایک ڈوری کے ذریعے ایک اینٹ سے منسلک کیا گیا ہے، جیسے ہی وہ ڈوری کو اپنی جانب کھینچتی ہے، اینٹ نیچے کی جانب حرکت کرتی ہے۔
دوسری خاتون ایک تختی کے سامنے بیٹھی ہے جس پر خشک لال مرچیں بکھری ہوئی ہیں، پہلی خاتون کی کھینچائی سے پیدا ہونے والی حرکت کو استعمال کرتے ہوئے دوسری خاتون مرچوں کو ترتیب وار پیستی ہیں تاکہ وہ اچھی طرح پس جائیں۔
ویڈیو کی غیر معمولی تکنیک اور مزاحیہ انداز نے انٹرنیٹ صارفین میں قہقہوں کا طوفان مچا دیا ہے۔
مختلف تبصروں میں صارفین نے اس طریقے کو طنزیہ انداز میں بیان کیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ جتنی چٹنی نہیں پِسے گی اتنا پتھر پیسا جائے گا۔
کچھ نے کہا کہ یہ چٹنی کھانے کے لیے آپ کو ایک مہینے کا انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔