امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ کے ٹکٹس چوری کر کے دوبارہ فروخت کرنے کے الزام میں 2 ہیکرز کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ میں کوئنز کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی کے آفس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 20 سالہ ٹائرون روز اور 31 سالہ شمارا سیمنز کو تقریباً 1 ہزار ٹکٹس چوری کرنے کے بعد اُنہیں دوبارہ فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیکرز امریکا میں قائم آن لائن ٹکٹ فروش مارکیٹ کے لیے بطور تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کام کر رہے تھے اور اُنہوں نے آن لائن پلیٹ فارم میں خامی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کانسرٹ کے ٹکٹس چوری کیے۔
ہیکرز نے چوری کیے ہوئے ٹکٹس کو 6 لاکھ 35 ہزار ڈالرز یعنی تقریباً 16 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے میں دوبارہ فروخت کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چوری کیے گئے ٹکٹس میں سے زیادہ تر ٹکٹس ٹیلر سوئفٹ کے ایراس ٹور کے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہیکرز نے ٹیلر سوئفٹ کے علاوہ ایڈ شیران اور عدیلے کے کنسرٹس کے ٹکٹس بھی چوری کیے۔