بالی ووڈ کے اسٹار اداکار عامر خان نے ساؤتھ فلموں کی کامیابی اور بالی ووڈ موویز کی ناکامی کی بڑی وجہ بتادی۔
خصوصی فلم فیسٹیول کےلیے اسٹار اداکار نے ’عامر خان، سنیما کا جادوگر‘ کے عنوان سے منعقدہ پروگرام میں گفتگو کی، نامور گیت نگار جاوید اختر نے پروگرام کی میزبانی کے فرائض ادا کیے۔
دوران پروگرام جاوید اختر نے عامر خان سے استفسار کیا کہ ساؤتھ کی فلمیں سنیما میں کامیاب ہورہی ہیں جبکہ بالی ووڈ فلمیں کافی اسٹرگل کرتی ہیں۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ صرف اس لیے اسٹرگل کررہی ہے کیونکہ وہ اپنی جڑوں کو بھول گئی ہے جبکہ ساؤتھ فلمیں عوام کو بھرپور تفریح فراہم کررہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا ماننا ہے کہ بالی ووڈ فلم ساز اب ایک خاص طبقے کو مدنظر رکھ رہے ہیں، اسی وجہ سے انہیں باکس آفس پر مشکلات کا سامنا ہے۔
بالی ووڈ کے اسٹار اداکار نے یہ بھی کہا کہ ساؤتھ سنیما کی کامیابی کی ایک وجہ اُن کی کہانیاں ہیں، جو مضبوط جذبات کو اجاگر کرتی ہیں جبکہ بالی ووڈ کے فلم ساز یہ پہلو بھول چکے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جذبات 2 قسم کے ہوتے ہیں، اعلیٰ جذبات اور بنیادی جذبات، انتقام ایک مضبوط جذبہ ہے لیکن شک ایک ہلکا جذبہ ہے، یہ کم پرکشش ہے، بالی ووڈ زندگی کے مختلف پہلوؤں پر کام کررہے ہے لیکن وسیع تر جذبات پر توجہ نہیں دے رہے ہیں۔
عامر خان بھی ایک پروڈکشن ہاؤس کے مالک ہیں، ان کا ماننا ہے کہ ساؤتھ فلمیں سنگل اسکرین کے ساتھ فلم کو وسیع جگہ دیتی ہیں جبکہ بالی ووڈ فلم ساز ملٹی پلیکس جانے والے ناظرین کو مدنظر رکھتے ہیں، جو بہت چھوٹا طبقہ ہے۔