بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے اپنی صاحبزادی ’دعا‘ کےلیے اپنی سب سے بڑی فکر کا اظہار کردیا۔
39 سالہ اداکارہ جو گزشتہ برس ستمبرمیں ماں بنی ہیں، نے دبئی میں فوربز 30/50 گلوبل سمٹ میں شرکت کی اور وہاں نئی ماں بننے کے تجربے کے موضوع پر تفصیلی بات کی۔
دیپیکا پڈوکون نے سمٹ کے شرکاء کے روبرو موضوع سے متعلقق اپنے ذاتی اور پیشہ وارانہ تجربات شیئر کیے اور ماں کی ذہنی صحت اور کیریئر سے متعلق گولز پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے اس دوران ذہنی سکون کی اہمیت پر زور دیا اور انکشاف کیا کہ وہ ذہنی بیماری سے صحتیاب ہوئی ہیں، میرے لیے ہمیشہ ذہنی سکون بڑا ہدف رہا ہے، میرے نزدیک اس سے زیادہ اہم کچھ بھی نہیں ہے، یہ کہنا آسان لگتا ہے لیکن اس کےلیے بہت محنت درکار ہوتی ہے۔
اداکارہ نےپیشہ وارانہ سطح پر مثبت تبدیلی کےلیے اپنے پلیٹ فارم کے استعمال کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ میں دیکھنا چاہتی ہوں کہ کیسے اپنے اثر رسوخ کو استعمال کرسکتی ہوں۔
دیپیکا پڈوکون سے استفسار کیا کہ اُنہیں کیسے یاد رکھا جائے؟ تو انہوں نے والد کی بات شیئر کی اور کہا کہ میرے والدنے کہا تھا کہ تم جو بھی کرو لیکن لوگ تمہیں ایک انسان کے طور پر یاد رکھیں، بس میں بھی یہی چاہتی ہوں کہ مجھے ایک اچھے انسان کے طور پر یاد رکھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماں بننے کے بعد ترجیحات بدل جاتی ہیں، میری تازہ ترین گوگل سرچ بچوں کی نگہداشت سے متعلق ہے، میری بیٹی ہمیشہ میرے ذہن میں رہتی ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ نئی ماں بننے اور کامیاب کیرئیر کے درمیان توازن ضروری ہے، وہ اپنی چھٹی کے دن نیند پوری کرنے، مساج کروانے اور بیٹی کے ساتھ وقت گزارنے کو ترجیح دیتی ہیں۔