معروف ماڈل نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان کو 54 کروڑ روپے فراڈ کے کیس میں کراچی کی جوڈیشل عدالت نے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔
ایف آئی اے نے ماڈل نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان کو کروڑوں روپے کے فراڈ کے کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا۔
تفتیشی افسر نے ملزم کے 11 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مگر عدالت نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع کردی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق فراڈ میں ملوث مزید لوگوں کو گرفتار کرنا ہے۔ گرفتار ملزم 54 کروڑ روپے سے زائد رقم کے فراڈ میں ملوث ہے۔
خیال رہے کہ عاطف احمد خان کو ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا تھا۔