• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: ورجن منی خریدنے پر نیشن وائیڈ کا صارفین کو 50، 50 پاؤنڈ دینے کا اعلان

برطانیہ کی سب سے بڑی بلڈنگ سوسائٹی نیشن وائیڈ، ورجن منی خریدنے پر اپنے 12 ملین سے زائد تمام صارفین کو 50، 50 پاؤنڈ ادا کرے گی۔ بلڈنگ سوسائٹی نے ورجن منی کی 2.8 بلین پاؤنڈ کی خریداری پر ہر صارف کو بطور شکریہ 50 پاؤنڈ کی ادائیگی کیلئے 600 ملین پاؤنڈ کی رقم وقف کی ہے۔

تاہم اس بات پر تنقید بھی کی جارہی ہے وہ ارکان اس رقم کے حقدار ہیں جنہوں نے ووٹ نہیں دیا تھا، بیشتر صارفین کو اپریل کے اختتام تک ان کے اکاؤنٹس میں 50 پاؤنڈ وصول ہوجائیں گے جبکہ کچھ کو چیک کے ذریعے ادائیگی کی جائے گی۔

نیشن وائیڈ 50 پاؤنڈ کے حقدار صارفین کو تحریری طور پر مطلع کرنا شروع کردے گی کہ انہیں کب اور کیسے رقم ملے گی؟ اس رقم کے وہ صارف حقدار ہوں گے جن کا گزشتہ برس ستمبر کے اختتام تک کرنٹ، سیونگ یا مارگیج اکاؤنٹ تھا اور انہوں نے اکاؤنٹ میں کم از کم ایک لین دین کیا اور رقم کی ادائیگی کے وقت بھی ان کے اکاؤنٹس یا مارگیج نیشن وائیڈ کے ساتھ ہونی چاہیے، ان شرائط کے سبب تقریباً 4 ملین صارفین کو ادائیگی نہیں کی جائے گی۔

ورجن منی جو کہ کلائیڈز ڈیل اور یارکشائر بینک گروپ کا نام تھا، ان کے صارفین رقم کے حقدار نہیں ہوں گے۔ نیشن وائیڈز کی چیف ایگزیکٹیو ڈیبی کروسبی نے کہا ہے کہ یہ ادائیگی صارفین کے بلڈنگ سوسائٹی کو مضبوط بنانے اور ڈیل کو ممکن بنانے میں کردار کا اعتراف ہے۔

گزشتہ برس کی یہ ڈیل مالی بحران کے بعد کسی بینک کو خریدنے کا سب سے بڑا سودا تھا اور جس کے بعد نیشن وائیڈ ملک کا دوسرا سب سے بڑا مارگیج اور سیونگ اکاؤنٹس فراہم کرنے والا ادارہ بن گیا ہے۔

تاہم اس حوالے سے یہ تنازع بھی موجود ہے کہ ڈیل کیلئے ورجن منی کے صارفین کو ووٹ کا موقع ملا تھا جبکہ نیشن وائیڈ کے صارفین کو نہیں اور نیشن وائیڈز کے بورڈ نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ ارکان کی منظوری کی ضرورت نہیں، نیشن وائیڈز کی طرف سے 50 پاؤنڈ کی رقم فیئرر شیئرز اسکیم کی اس رقم کے علاوہ ہوگی جو وہ اپنے صارفین کو ادا کرتی ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید