شوہر کی گرفتاری کے بعد ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین آن لائن فراڈ کا نشانہ بن گئیں۔
نادیہ حسین کو ایف آئی اے کا افسر بن کر فون کرنے والے نے ان کے شوہر کی ضمانت پر رہائی کےلیے 3 کروڑ روپے رشوت مانگی، ایف آئی اے حکام نے کہا ہے کہ فراڈ فون کال میں ملوث شخص کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف حسین مالی فراڈ کے الزام میں ایف آئی اے کی حراست میں ہیں۔ نادیہ حسین نے فراڈ فون کال کا سارا معاملہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کردیا۔
نادیہ حسین نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے دعویٰ کیا کہ مالی فراڈ کے الزام میں گرفتار ان کے شوہر کی ضمانت کیلئے ایف آئی اے افسر نے بھاری رشوت طلب کی۔
فراڈ کال کرنے والے کا نادیہ حسین سے کہنا تھا کہ آپ کے شوہر عاطف محمد خان کے تمام معاملات طے پاگئے، آپ رقم منتقل کردیں، کال کرنے والے نے نادیہ حسین کو ڈرانے کی کوشش بھی کی، کالر نے نادیہ حسین سے یہ بھی کہا کہ یہ بات آپ کے اور میرے درمیان رہنی چاہیے۔
دوسری جانب ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش جاری ہے۔ نادیہ حسین کو فون کرکے رقم مانگنے والے شخص کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر کو 54 کروڑ روپے کی خورد برد کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔