لاہور(اپنے نامہ نگار سے) بین المذاہب اتحاد کے ساتھ اظہار کے طور پر یوتھ ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن نے ہیومن رائٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے تعاون سے نجی ہوٹل میں امریکی تنظیم ’’آل نیبرز ‘‘ کے اعزاز میں ایک افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔ اقلیتی امور کے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ مہمان خصوصی تھے، جبکہ ہیومن رائٹس کی پارلیمانی سیکرٹری سونیا آشر گیسٹ آف آنر کے طور پر شریک ہوئیں ، جن میں آل نیبرز امریکہ کے بورڈ ممبران اور پادری، معروف امن ساز، پروفیسرز، ڈیموکریٹک پارٹی کی عائشہ خان، ترقیاتی ماہر سجاد عمران اور یوتھ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن کے سی ای او شاہد رحمت شامل تھے۔شاہد رحمت نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے مختلف کمیونٹیوں میں خیر سگالی اور باہمی احترام کو فروغ ملتا ہے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہاکہ میں دیواریں نہیں بلکہ پل تعمیر کرنے چاہئیں۔ امریکہ کے وفد کی قیادت کرنے والے الیاس مسیح نے کہا کہ ہمیں مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود ایک دوسرے کے ساتھ متحد رہنا چاہیے ۔پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق سونیا آشر نے تقریبات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔