حکومت نے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز واقعات پر نظر رکھنے اور متاثرین کی مدد کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ٹیل ماما کی فنڈنگ ختم کرنے کی تردید کی ہے۔
گزشتہ ہفتہ یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ فنڈنگ میں کٹوتی کے سبب یہ تنظیم ختم ہو رہی ہے۔
فیتھ منسٹر لارڈ واجد خان نے ہاؤس آف لارڈز کو بتایا کہ ٹیل ماما کیلئے ایک ملین پاؤنڈ کی گرانٹ دستیاب ہے لیکن پہلے اسے حکومت کے گرانٹ فنڈنگ معاہدے پر دستخط کرنا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2012 میں ٹیل ماما کے قیام کے بعد سے منسٹری آف ہاوسنگ، کمیونٹیز اور لوکل گورنمنٹ اسے فنڈز فراہم کررہی ہے اور تنظیم کو 24-2023 میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کی تقریبا 11 ہزار رپورٹس موصول ہوئی تھیں۔
لارڈ واجد خان نے کہا کہ مستقبل میں اسلاموفوبیا کی مانٹیرنگ کےلئے دیگر تنظیمیں بھی حکومتی گرانٹ کیلئے رجوع کرسکیں گی تاکہ شفافیت اور پیسے کی قدر کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف نفرت کا مقابلہ کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔