• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاجر دوست اسکیم ختم کرنے پر رضامند، ایف بی آر IMF مطالبے پر صنعتی شعبے کی پیداوار کی ویڈیو مانیٹرنگ کریگا

اسلام آباد( مہتاب حیدر، تنویر ہاشمی )ایف بی آر نے آئی ایم ایف کو بتایا ہے کہ اس نے تاجر دوست اسکیم (ٹی ڈی ایس) کے تحت خوردہ فروشوں، تھوک فروشوں اور ایسوسی ایشن آف پرسنز (اے او پیز) کی تجارتی سرگرمیوں سے طے شدہ 50؍ ارب روپے کے ہدف سے بھی زیادہ ٹیکس جمع کر لیا ہے، جس کے بعد آئی ایم ایف نے تاجر دوست اسکیم (ٹی ڈی ایس) ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ٹی ڈی ایس کے خاتمے کے حوالے سے آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے وسیع تر معاہدے پر دستخط کے فوراً بعد، ایف بی آر نے اشیاء کی پیداوار (پراڈکشن) کی الیکٹرانک نگرانی کیلئے ویڈیو تجزیات (ویڈیو اینالیٹکس) کے اصول تشکیل دیے ہیں۔ اس سخت اقدام کا مقصد یہ ہے کہ اشیاء کی اصل پراڈکشن کا پتہ لگایا جا سکے اور انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکے۔آئی ایم ایف نے جائزہ مذاکرات مکمل کر لیے ہیں تاہم ایف بی آر کی جانب سے ریئل اسٹیٹ پر ٹیکس کی شرح کم کرنے کی جو درخواست کی گئی تھی اس پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے جمعہ کو دی نیوز سے بات چیت میں اس بات کی تصدیق کی کہ جب آئی ایم ایف والوں کو بتایا گیا کہ حکومت نے خوردہ فروشوں، تھوک فروشوں اور اے او پیز سے ٹیکس کی مد میں اب تک 400 ارب روپے سے زائد جمع کر لیے ہیں، جبکہ مارچ تا جون 2025ء کے عرصہ کے دوران مزید ٹیکس جمع ہو پائے گا۔ یہ صورتحال دیکھتے ہوئے آئی ایم ایف نے تاجر دوست اسکیم (ٹی ڈی ایس) ختم کرنے پر اتفاق کیا۔ ایف بی آر نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر صنعتی شعبے کی پیداوار کی ویڈیو مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے،ایف بی آر صنعتی شعبے کی پیداوار کی ویڈیو نگرانی کرے گا، سینٹرل کنٹرول یونٹ ایف بی آرکو رئیل ٹائم ڈیٹا فراہم پیداواری ریکارڈ کا تجزیہ کرکےقانونی کارروائی کی جا سکے گی۔

اہم خبریں سے مزید