کراچی(این این آئی)سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کے پوتے ذوالفقار علی بھٹو جونیئرنے کہا ہے کہ میں اپنے والد شہید میر مرتضیٰ بھٹو کی میراث کو آگے لے کر چلوں گا، مجھے سیاست کا تجربہ نہیں اور ابھی میں پاکستانی عوام سے سیاست سیکھ رہا ہوں اور انکے مسائل سن رہا ہوں، جو بہت ضروری ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہید میر مرتضیٰ بھٹو کے صاحبزادے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے سیاست میں آنے کی تصدیق کے بعد پہلا بیان جاری کر دیا۔مختلف سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام اور ایکس پر انہوں نے اپنا طویل بیان 4مختلف زبانوں انگریزی، اردو، سندھی اور سرائیکی میں جاری کیا ہے۔ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ میں اپنے والد شہید میر مرتضیٰ بھٹو کی میراث کو آگے لے کر چلوں گا،پاکستانی عوام سے سیاست سیکھ رہا ہوں اور ان کے مسائل سن رہا ہوں، جو بہت ضروری ہے۔سیاسی خاندان کے سپوت ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اپنے بیان میں پاکستان کے جغرافیے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور یہ بھی کہا کہ میرا راستہ میرا اپنا ہے، لیکن کچھ لوگ میرا نام استعمال کر کے سیاست کر رہے ہیں۔انہوں نے نیک خواہشات اور دعائوں کی درخواست کرتے ہوئے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ جو بیان یا تبصرے ان کے آفیشل سوشل میڈیا اکانٹ سے جاری ہوں صرف ان ہی پر یقین کیا جائے، دیگر کسی ذرائع سے آنے والی معلومات یا بیانات سے ان کا کوئی تعلق نہیں اور نہ وہ ان کے ذمے دار ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے سیاسی میدان میں قدم رکھنے کی تصدیق کی تھی۔