اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)یوم تحفظ ناموس رسالت ﷺ کی مناسبت سے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کی زیر صدارت علماء و مشائخ اجلاس ہفتہ کے روز وزارتِ مذہبی امور کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ سردار محمد یوسف نے کہا ملک بھر میں یوم تحفظ ناموس رسالت ﷺ انتہائی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیاماضی کی طرح ہر اہم مسئلے پر علماء و مشائخ سے مشاورت جاری رکھی جائے گی۔ تحفظ ناموس رسالت ﷺ پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا۔ اجلاس میں علماء کرام نے یوم تحفظ ناموس رسالت ﷺکے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ اجلاس کے آخر میں وفاقی وزیر مذہبی امور نے متفقہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا ۔ جس میں اس بات کا عزم ظاہر کیا گیا کہ ناموسِ رسالت ﷺ کے تحفظ کے لیے موجودقوانین کا سختی سے نفاذ یقینی بنایا جائے ۔اس بات کو بھی یقینی بنایاجائے کہ ان قوانین کا غلط استعمال نہ ہو تاکہ بے گناہ افراد کسی جھوٹے الزام کا شکار نہ ہوں۔