لاہور(خبرنگار)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت میٹرک ٹیک کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں اب تک کے امور کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ سال اس میں مزید بہتری لانے کیلئے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔ وزیر تعلیم کو طلباء کی جانب سے مختلف ٹیک کمبینیشن اختیار کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 1997 سکولوں میں ٹیک ایجوکیشن کا آغاز کیا جا رہا ہے جسے مرحلہ وار تمام سکولوں تک توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مڈل و میٹرک میں ٹیکنالوجی ایجوکیشن طلباء کو موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ان کی کیپیسٹی بلڈنگ کیلئے لازمی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔ اس ضمن میں اس پراجیکٹ میں جتنی بہتری لائی جا سکتی ہے فوری طور پر لائی جائے ، وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق میٹرک ان ٹیکنالوجی نہ صرف ایک کامیاب ماڈل ٹھہرے گا بلکہ اس اقدام سے ملک کا ریونیو بھی بڑھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد انٹر ٹیک ماڈل بھی متعارف کروانے جا رہے ہیں ۔ اجلاس میں مزمل محمود، شہنشاہ فیصل عظیم، ڈپٹی سیکرٹری بورڈ، ٹیوٹا اور سکلز ڈویلپمنٹ کے افسران نے شرکت کی۔