کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے نیتھن فلپس اسکوائر پر تاریخ میں پہلی مرتبہ ’رمضان المبارک‘ کا شاندار استقبال کیا گیا۔
کینیڈین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں 16 سالہ لیلیٰ سلیمان نے اپنے دوستوں عرقیش منہاس، معراج صدیقی، رحیم ابراہیم، اور ابراہیم رحمٰن کے ساتھ مل کر ماہ رمضان کا استقبال کرنے کے لیے نیتھن فلپس اسکوائر پر’رمضان مبارک‘ کا ایک بڑا سائن نصب کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس کا مقصد عوام کو رمضان کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کرنا ہے جس کے لیے کراؤڈ فنڈنگ کے ذریعے فنڈز اکٹھے کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق لیلیٰ سلیمان اور ان کی ٹیم نے گریٹر ٹورنٹو ایریا کے 30 اسکولوں کے طلباء کی نمائندگی کرتے ہوئے اس منصوبے کو مکمل کیا اور اسلاموفوبیا کے تیزی سے پھیلاؤ کو مدِنظر رکھتے ہوئے لوگوں میں اسلامی تعلیمات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کی کوشش کی۔
اس حوالے سے ٹورنٹو کے میئر اولیویا چاؤ کا کہنا ہے کہ یہ ٹورنٹو کی مسلم کمیونٹی کے ساتھ ان کی خوشیوں میں شامل ہونے کا ناقابلِ یقین طریقہ ہے۔