بالی ووڈ کے مشہور اداکار سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم علی خان کی پاکستانی ناقد کو دھمکی کا اسکرین شاٹ وائرل ہوگیا۔
ابراہیم علی خان فلمی دنیا میں قدم رکھ چکے ہیں اور اپنے رویے کی وجہ سے خبروں میں آ گئے ہیں، ابراہیم نے بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فلم نادانیاں سے ڈیبیو کیا ہے، ان کی پہلی فلم حال ہی میں نیٹ فلیکس پر ریلیز ہوئی ہے، لیکن یہ فلم شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی۔
فلم نادانیاں کو ناقدین اور ناظرین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ابراہیم علی خان کی اداکاری، ڈائیلاگ ڈیلیوری اور ان کی اسکرین پر موجودگی کو ان کے والد سیف علی خان کے مقابلے میں کمزور قرار دیا گیا۔
پاکستانی فلمی ناقد تیمور اقبال جن کا نام ابراہیم علی خان کے سوتیلے بھائی تیمور علی خان سے مماثل ہے، انہوں نے فلم کا ایک تفصیلی تجزیہ کیا اور ابراہیم علی خان کی اداکاری پر سخت تنقید کی، تاہم ان کے تبصرے کا سب سے متنازع حصہ وہ تھا جب انہوں نے ابراہیم علی خان کی ناک پر طنز کیا۔
یہ تبصرہ ابراہیم کو پسند نہ آیا اور انہوں نے براہِ راست تیمور اقبال کو نجی پیغام بھیج کر نہ صرف غصے کا اظہار کیا بلکہ انہیں دھمکی آمیز الفاظ بھی لکھے۔
یہ تنازع ابراہیم علی خان کے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں ہی ان کے مزاج پر سوالات کھڑے کر رہا ہے۔