• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرانی ویڈیو سے عامر خان اور گوری سپراٹ کے تعلقات کی تصدیق

اسکرین گریب
اسکرین گریب

بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے سابق کرکٹر عرفان پٹھان کی شادی کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی جس میں ان کی گرل فرینڈ گوری سپراٹ بھی ہمراہ تھیں۔

مشہور اداکار عامر خان کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان کی شادی کی سالگرہ کی تقریب میں شریک ہیں۔ 

یہ ویڈیو اصل میں فروری میں شیئر کی گئی تھی لیکن اس کے دوبارہ منظر عام پر آنے کی وجہ سے عامر خان کی اپنی نئی گرل فرینڈ گوری سپراٹ کے ساتھ تعلقات کی تصدیق ہوئی ہے۔

ویڈیو میں ایک اور دلچسپ پہلو یہ ہے کہ اس موقع پر عامر خان کی دونوں سابقہ بیویاں، رینا دتہ اور کرن راؤ بھی موجود تھیں۔ 

ویڈیو میں عامر خان اپنی گرل فرینڈ گوری کے ساتھ کھڑے نظر آ رہے ہیں، جو تقریب میں جامنی رنگ کا لباس زیب تن کیے ہوئے تھیں۔

ویڈیو میں عرفان پٹھان کو اپنی اہلیہ صفا بیگ کے ساتھ سالگرہ کا کیک کاٹتے دیکھا جا سکتا ہے، اس موقع پر عرفان نے عامر خان کو خود اپنے ہاتھوں سے کیک کھلایا، جس پر دونوں نے خوشگوار انداز میں مسکراہٹوں کا تبادلہ کیا۔

عامر خان کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر انہوں نے میڈیا کے ساتھ ایک ملاقات کا اہتمام کیا، جہاں انہوں نے نہ صرف اپنی گرل فرینڈ گوری کا باضابطہ تعارف کروایا بلکہ ان سے اپنے گہرے تعلقات کے بارے میں بھی کھل کر بات کی۔

واضح رہے کہ عامر خان کی پہلی شادی فلم پروڈیوسر رینا دتہ سے ہوئی تھی، جن سے ان کے 2 بچے، جنید خان اور ایرا خان ہیں، بعد میں عامر خان نے 2005ء میں ہدایتکارہ کرن راؤ سے شادی کی، تاہم 2021ء میں دونوں نے علیحدگی اختیار کر لی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید