• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوٹنگھم، متعدد شعری مجموعوں کے خالق عاصی کاشمیری انتقال کر گئے

برطانیہ کے شہر نوٹنگھم میں مقیم بین الاقوامی شہرت کے حامل اور متعدد شعری مجموعوں کے خالق عاصی کاشمیری گزشتہ روز نوٹنگھم میں انتقال کر گئے، ان کی نماز جنازہ اور تدفین مقامی قبرستان بل ویل میں کر دی گئی ہے۔

نماز جنازہ میں ان کے خاندان اور دوست احباب کے علاوہ کثیر تعداد میں ہر مکتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔

عاصی کاشمیری ساٹھ کی دھائی میں میرپور آزاد کشمیر سے بسلسلہ روزگار نوٹنگھم میں آ کر آباد ہوئے تھے، ان کا اصل نام شیخ جمیل اختر تھا۔

مرحوم حلقہ ارباب ذوق نوٹنگھم کے سیکریٹری اور بعد ازاں طویل مدت تک بزم علم و فن کے صدر رہے اور شعر و ادب کی گراں قدر خدمت کی۔

عاصی کاشمیری کی شخصیت اور شاعری پر معتبر ادبی جرائد نے مضامین، مقالے اور تبصرے شائع کئے، پاکستان اور بھارت کے نامور ناقدین کے مضامین پر مشتمل تین کتب بھی شائع ہوچکی ہیں۔

بزم علم وفن کے نائب صدر احمد مسعود اور سیکریٹری فرزانہ نیناں کے علاوہ بزم ادب کے بانی اے ایم تبسم اور موجودہ صدر زینب بخاری اور ممتاز صحافی اور کالم و تجزیہ نگار عبدالغفار انقلابی نے عاصی کاشمیری کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے دعا کی ہے کہ رب کریم مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور ان کے فیملی ممبران اور دوست و احباب کو صبر جمیل سے نوازے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید