چیئرمین کشمیر کونسل یورپی یونین علی رضا سید نے کہا ہے کہ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی وفات سے کشمیری اپنے ایک مضبوط وکیل سے محروم ہو گئے۔
علی رضا سید نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے لمبے عرصے سے رابطہ اور تعاون رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کے حقوق کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ہمیشہ متحرک رہے اور خاص طور پر طویل مدت تک مسئلہ کشمیر کو یورپی یونین اور برطانیہ کے اہم حلقوں میں اٹھایا۔
علی رضا سید نے کہا کہ بیریسٹر سلطان محمود چوہدری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے اقوامِ عالم بشمول یورپی یونین کو آگاہ کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔
چیئرمین کشمیر کونسل یورپی یونین نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بیریسٹر سلطان محمود چوہدری کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اُنہوں نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی آزاد کشمیر میں گراں قدر سیاسی و سماجی خدمات پر بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
علی رضا سید ہفتے کے روز سلطان چوہدری کی وفات کی خبر سنتے ہی میر پور میں ان کے گھر تشریف لے گئے تھے جہاں انہوں نے مرحوم کے بیٹے اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ میں افسوس اور دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔
چیئرمین کشمیر کونسل یورپی یونین نے دعا کی کہ ربِ کریم سلطان محمود چوہدری کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار خاندان کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطاء فرمائے، آمین۔
دریں اثناء، علی رضا سید نے یکم اور 2 فروری کو میر پور میں منعقد ہونے والی یورپی فوٹو جرنلسٹ کی کتاب ’کشمیر ویٹ اینڈ سی‘ کی نمائش کو بھی صدر آزاد کشمیر سلطان محمود چوہدری کی وفات کے سوگ میں ملتوی کر دیا۔