الخدمت یورپ کے زیرِ اہتمام سیمینار کا مقصد پاکستان کی معروف فلاحی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کی فلاحی و سماجی خدمات کو اجاگر کرنا تھا۔
الخدمت یورپ کے زیرِ اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سفارت خانہ پاکستان کے ویلفیئر کیمیونٹی کونسلر محمد فراز، الخدمت فاؤنڈیشن انٹرنیشنل پاکستان کے عہدیداران، اوسلو کی مساجد کے علمائے کرام، کمیونٹی تنظیموں کے عہدے داران اور دیگر کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔
پاکستان سے تشریف لائے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے جنرل سیکریٹری سید وقاص جعفری اور وائس پریزیڈنٹ میاں عبدالشکور سیمینار میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔
اس تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے سندرے نور سترند مسلم سینٹر مسجد کے امام و خطیب ڈاکٹر پروفیسر مولانا حافظ محمد جمیل نے کیا اور نقابت کے فرائض الخدمت یورپ کے جنرل سیکریٹری چوہدری رفاقت علی نے سر انجام دیے جبکہ مشہور نعت خواں عبدالمنان نے ہدیۂ نعت بحضورِ سرورِ کونین ﷺ پیش کی۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے وائس پریزیڈنٹ میاں عبدالشکور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا مقصد غریب، نادار، یتیم، مسکین اور بے سہارا افراد کی مدد کرنا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ اب تک ہم نے ہزاروں یتیم بچوں کی کفالت کا فریضہ بھی انجام دیا ہے اور میری ناروے سمیت پوری دنیا میں رہنے والے مسلمانوں سے اپیل ہے کہ اس نیک کام کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کا حصہ بنیں۔
پروگرام کے اختتام پر اسلامک سینٹر کے امام و خطیب جناب مولانا محمد جاوید صاحب نے اجتماعی دعا کروائی۔