`اسلام آباد( اسرار خان ) پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ نے پیر کے روز پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (PIACL) کے 51 سے 100 فیصد حصص، بشمول انتظامی کنٹرول، کی نجکاری کے لیے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی توثیق کر دی۔بورڈ کے اجلاس کی صدارت وزیرِاعظم کے مشیر برائے نجکاری و چیئرمین پرائیویٹائزیشن کمیشن محمد علی نے کی۔ ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے تصدیق کی کہ بورڈ نے اس اسٹرکچر کی توثیق کرتے ہوئے اسے حتمی منظوری کے لیے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (CCOP) کو بھیجنے کی سفارش کی ہے۔حصص کی منتقلی اور حصول کے لیے مخصوص شرائط و ضوابط بولی کے عمل کے دوران طے کی جائیں گی اور بولی دستاویزات میں شامل کی جائیں گی، جن کی منظوری CCOP سے لی جائے گی۔ اس ٹرانزیکشن کے لیے مالیاتی مشیر ارنسٹ اینڈ ینگ ایل ایل سی، دبئی کی قیادت میں کنسورشیم ہے۔ایک اور ٹرانزیکشن کے حوالے سے، پی سی بورڈ نے فیصلہ کیا کہ وہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے زیر ملکیت روزویلٹ ہوٹل کارپوریشن (RHC)، نیویارک کی نجکاری کے حوالے سے مالیاتی مشیر سے تفصیلی بریفنگ لے گا۔