• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاوید اختر لیاقت علی خان کے پڑپوتے معظم علی خان کی آواز کے گرویدہ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

بھارتی معروف شاعر و نغمہ نگار جاوید اختر پاکستانی گلوکار معظم علی خان کی آواز کے گرویدہ ہو گئے۔

جاوید اختر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام شیئر کرتے ہوئے معظم علی خان سے رابطے کی خواہش کا اظہار اور درخواست کی ہے تاکہ وہ ان کے ساتھ کام کر سکیں۔

جاوید اختر نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ابھی ابھی میں نے ایک جینٹل مین معظم صاحب کو یوٹیوب پر ’یہ نین ڈرے ڈرے‘ گاتے ہوئے سنا ہے، براہِ کرم وہ مجھ سے رابطہ کریں، اگر وہ ہمارے لیے کچھ گانے گا سکیں تو میں بے حد مشکور رہوں گا۔

اسکرین شاٹ بشکریہ ایکس اکاؤنٹ
اسکرین شاٹ بشکریہ ایکس اکاؤنٹ

جاوید اختر کی یہ پوسٹ وائرل ہوتے ہی مداحوں نے ان کی مدد کرتے ہوئے گلوکار معظم علی خان کی ویڈیوز شیئر کرنا شروع کر دیں۔

یاد رہے کہ معظم علی خان پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھتے ہیں، وہ گلوکار، وائس اوور آرٹسٹ اور اداکار ہیں۔

معظم علی خان نے 2020ء میں نشر ہونے والے سُپر ہٹ ڈرامے ’ثبات‘ میں جاندار اداکارہ کے ذریعے خوب شہرت حاصل کی، انہیں شوبز انڈسٹری سے وابستگی اختیار کیے چند برس ہی ہوئے ہیں۔

انہیں بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’عشقِ لاء‘ میں بھی دیکھا گیا تھا۔


معظم علی خان سے متعلق یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ وہ پاکستان کے پہلے وزیرِ اعظم قائدِ ملّت لیاقت علی خان کے پڑ پوتے ہیں۔

معظم علی خان کے والد مشرف علی خان اور والدہ ممتاز پروین بھی پی ٹی وی کے ڈرامے’سُنہرے دِن‘میں کام کر چکے ہیں۔

معظم علی خان کے چھوٹے بھائی عباس علی خان معروف موسیقار ہیں، عباس علی خان نے استاد فتح علی خان سے فنِ گائیکی کی تربیت حاصل کی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید