کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے جماعت اسلامی ضلع ایئر پورٹ کے تحت آر سی ڈی گراؤنڈ ملیر سعودآباد میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بھارتی را اور امریکی سی آئی اے آزادانہ طریقے سے کام کررہی ہیں۔ اس پورے عمل نے حکومت پاکستان کے لیے داخلی تحفظ اور حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان بنا دیا ہے، پاکستان اس وقت بہت مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ گزشتہ ایک ماہ میں کے پی کے میں سیکڑوں حملے ہوچکے ہیں۔گزشتہ24گھنٹے میں 27حملے ہوئے۔ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کو یرغمال بنالیا گیا اور بڑی تعداد میں مسافروں کو یرغمال بنا لیا گیا۔ ارباب اختیار کو پیغام دینا چاہتے ہیں جب تک وہ اپنے فیصلے درست نہیں کریں گے، عوام اور فوج کے درمیان فاصلے بڑھتے رہیں گے اور حکمران طبقہ جب تک زبردستی مسلط ہوتا رہے گا مسائل حل نہیں ہوں گے۔ اسٹیبلشمنٹ اور تمام ادارے اپنی اپنی آئینی ذمہ داری پوری کریں۔ عوام کے حقیقی نمائندوں کو آگے آنے دیں عوام ان کا ساتھ دیں گے۔وزیر اعظم کہتے ہیں کہ مہنگائی کی شرح کم ہوگئی ہے وہ عوام کو بتائیں کہ مہنگائی پاکستان کے کس حصے میں کم ہوگئی ہے، اس صورتحال میں پوری قوم کو متحد اور متفق ہوکر ان حکمرانوں سے جان چھڑانا ہوگی جنہوں نے ملک پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ عید کے بعد ”حق دو عوام کو“ تحریک ایک بار پھر شروع کریں گے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت فارم 47 کی پیداوار ہے جو اسٹیبلشمنٹ کے سہارے اقتدار میں ہے۔