کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور، رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی تمام تر توانائی بھی ریاست کے خلاف خرچ ہورہی ہیں ، پی ٹی آئی کی خام خیالی ہے کہ اس کے بانی کے علاوہ سب صفر جمع صفر ہیں،پاکستان ہے تو نواز، زرداری ، مولانا اور بانی پی ٹی آئی ہیں،نمائندہ جیو نیوز، حیدر شیرازی نےکہا کہ آنے والے دنوں میں میاں نواز شریف کا کردارملکی سیاست میں بہت اہم نظر آئے گا،میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کا عید کے بعد حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنے کا اشارہ۔مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور، رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قومی سطح پر جو کردار نواز شریف کے ذمے ہوگا وہ ادا کریں گے۔ آج کے اجلاس میں عسکری قیادت موجودہ سیکورٹی صورتحال پر حکمت عملی سے آگاہ کریں گے۔ عسکری قیادت دہشت گردی ختم کرنے کے اپنے پلان پر اعتماد میں لے گی۔اجلاس میں سیاسی قیادت کی مشاورت اور رہنمائی بھی عسکری قیادت کو میسر آئے گی۔اجلاس میں اگر کوئی چیز سامنے آتی ہے کہ نواز شریف نے کردار ادا کرنا ہے تو بالکل حاضر ہیں۔مولانا کا اپنا نقطہ نظر اور سوچ ہے ۔2018ء میں بھی مولانا سسٹم سے باہر رہ کر جدوجہد کرنا چاہتے تھے۔ اب بھی ہمارا موقف ہے کہ سسٹم میں رہتے ہوئے درست کیا جانا چاہئے۔مولانا فضل الرحمٰن کو ہم اپنے موقف پر قائل کریں گے۔پی ٹی آئی کی خام خیالی ہے کہ اس کے بانی کے علاوہ سب صفر جمع صفر ہیں۔پی ٹی آئی ایسے نعرے لگاتی رہتی ہے کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں۔ان کی انتہائی گمراہی پر مبنی سوچ ہے پاکستان ہے تو ہم ہیں۔پاکستان ہے تو نواز، زرداری ، مولانا اور بانی پی ٹی آئی ہیں۔پی ٹی آئی مذاکرات کی میز پر نہیں بیٹھنا چاہتی تو ٹکریں لگاتی رہے۔پی ٹی آئی کی تمام تر توانائی بھی ریاست کے خلاف خرچ ہورہی ہیں۔پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا اور گالم بریگیڈ کیا کررہے ہیں۔پی ٹی آئی کو چاہئے کہ اپنی لائن اور لینتھ ٹھیک کرے۔