• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی سلامتی کمیٹی کا دہشتگردوں کا نیٹ ورکس توڑنے‘ لاجسٹک سپورٹ ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ )قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی نے ایک متفقہ اعلامیہ کی منظوری دی ہے جس میں کمیٹی نے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو توڑنے‘لاجسٹک سپورٹ کے انسداد اور دہشت گردی و جرائم کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے لئے نیشنل ایکشن پلان اور عزم استحکام کی حکمت عملی پر فوری عملدرآمد پر زور دیا‘شرکاءنے قراردیاکہ کوئی ادارہ ‘ فرد یا گروہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کمزوری نہ دکھائے ‘منگل کو قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس اسپیکر ایازصادق کی زیرصدارت ہواجس میں وزیراعظم شہباز شریف‘ پارلیمانی کمیٹی کے ارکان‘ سیاسی قائدین‘ چاروں صوبائی وزراءاعلیٰ ‘ گورنرز‘وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ‘وزیراعظم آزاد کشمیر‘ آرمی چیف جنرل عاصم منیر‘ اہم وفاقی وزراء ‘ چاروں صوبوں کے آئی جیز‘فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ پی ٹی آئی‘بی این پی (مینگل)‘پشتونخواملی عوامی پارٹی سمیت اپوزیشن جماعتوں نے اجلاس کا بائیکاٹ کیاجبکہ علی امین گنڈاپوربطوروزیراعلیٰ اجلاس میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے باہمی بداعتمادی ختم کرکے ایک دوسرے پر بھروسہ بڑھانے کا مشورہ دیا۔کمیٹی نےدہشت گردی کو اس کی تمام شکلوں میں ختم کرنے کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے اور ریاست کی پوری طاقت کے ساتھ اس خطرے کا مقابلہ کرنے کے لئے اسٹریٹجک اور ایک متفقہ سیاسی عزم پر زور دیتے ہوئے انسداد دہشت گردی کے لئے قومی اتفاق کی ضرورت پر زور دیا ہے، کمیٹی نے پروپیگنڈا پھیلانے، اپنے پیروکاروں کو بھرتی کرنے اور حملوں کو مربوط کرنے کے لئے دہشت گرد گروپوں کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے غلط استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور اس کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات پر زور دیا ہے۔شہباز شریف نے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس کا اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔ اجلاس میں قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی نے دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں کی واضح الفاظ میں مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گہری یکجہتی کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے انسداد دہشت گردی آپریشنز کے انعقاد میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری ، شجاعت اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کو اس کی تمام شکلوں میں ختم کرنے کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

اہم خبریں سے مزید