پشاور( وقائع نگار) رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پیسکو کیجانب سے صارفین کے مسائل حل کرنے کیلئے فیس بک پر ای کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں دوردراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں صارفین نے براہ راست اپنی شکایات کا اندراج کرایا، چیف آپریشن آفیسر پیسکو گل نبی سید نے صارفین کے مسائل کو فوری حل کرنے کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ آئندہ 12گھنٹوں میں اندراج کردہ تمام شکایات کو حل کر کے چیف آفس میں رپورٹ کریں وگرنہ ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائیگی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں سحرو افطار کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہمارا اولین فریضہ ہے تاکہ لوگوں کی عبادات میں خلل نہ پڑے چنانہ اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، انہوں نے صارفین کو آگاہی فراہم کی کہ پیسکو ہیڈ آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جس میں پیسکو کے اعلیٰ افسران دن رات بجلی کی ترسیل کا جائزہ لیتے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں چنانچہ بجلی کی ترسیل میں کوئی بھی خلل آنے پر 118پر کال کر کے کنٹرول روم سے رابطہ کیا جا سکتا ہے