اسلام آباد(مہتاب حیدر)سعودی آئل سہولت (SOF) کے تحت رواں ماہ سے 100 ملین ڈالر کی فراہمی کے آغاز کے ساتھ، پاکستان رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران بین الاقوامی قرض دہندگان سے اب تک 6ارب ڈالر حاصل کر چکا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف بدھ کے روز سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہو چکے ہیں اور اب سعودی آئل سہولت کے تحت مارچ 2025 سے ہر ماہ 100 ملین ڈالر فراہم کیے جائیں گے، جس کے تحت مجموعی طور پر 1.2 ارب ڈالر کی سہولت فروری 2026 تک فراہم کی جائے گی۔کل 6 ارب ڈالر کی غیر ملکی آمدنی میں سے 1 ارب ڈالر آئی ایم ایف سے EFF معاہدے کے تحت حاصل کیے گئے، جو اقتصادی امور ڈویژن (EAD) کی جاری کردہ رپورٹ میں ظاہر نہیں کیے گئے۔مالی سال 2024-25 کے لیے غیر ملکی قرضوں کا مجموعی بجٹ تخمینہ 19.4 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے، جس میں سے سعودی عرب اور چین کی جانب سے مجموعی طور پر 9 ارب ڈالر کی رقم موصول ہو چکی ہے، جن میں 5 ارب ڈالر سعودی عرب جبکہ 4 ارب ڈالر چین سے حاصل ہوئے۔اگر چین اور سعودی عرب کی طرف سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں موجود ڈیپازٹس کی رول اوور سمیت تمام آمدنی کو شمار کیا جائے تو حکومت کو بقیہ چار ماہ (مارچ تا جون 2025) کے دوران مزید 4.4 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضے حاصل کرنا ہوں گے تاکہ مالی سال کے اختتام تک 19.4ارب ڈالر کا ہدف مکمل ہو سکے۔اقتصادی امور ڈویژن (EAD) کی جاری کردہ سرکاری رپورٹ کے مطابق، پاکستان نے رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ میں کثیر الجہتی قرض دہندگان سے 2.49 ارب ڈالر حاصل کیے، جبکہ کل بجٹ میں 4.57 ارب ڈالر کی آمدنی کا تخمینہ لگایا گیا تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کو بقیہ مدت میں کثیر الجہتی قرضوں کی فراہمی کو تیز کرنا ہوگا۔چین ضمانتی قرضوں کی فراہمی میں سب سے بڑا شراکت دار رہا اور 306 ملین ڈالر کی سہولت فراہم کی۔ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے ابتدائی آٹھ ماہ میں 1.09 ارب ڈالر فراہم کیے، جبکہ AIIB نے 60.25 ملین ڈالر قرض دیا۔ EIB نے اب تک 10.53 ملین ڈالر جاری کیے۔ورلڈ بینک کی IBRD کے تحت قرضے کی فراہمی 217.8 ملین ڈالر رہی، جبکہ آئی ڈی اے کے تحت نرم شرائط پر 642.5 ملین ڈالر جاری کیے گئے۔ یورپی یونین نے بجٹ میں رکھے گئے 4.76 ملین ڈالر کے تخمینے کے باوجود کوئی رقم فراہم نہیں کی۔IFAD نے 36.93 ملین ڈالر جاری کیے۔ اسلامی ترقیاتی بینک نے 148.26 ملین ڈالر فراہم کیے جبکہ IsDB نے کموڈٹی فنانسنگ کے تحت 265.72ملین ڈالر کا قلیل مدتی قرض دیا۔ OPEC فنڈ اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک لندن نے بالترتیب 3.34 ملین ڈالر اور 3.98 ملین ڈالر فراہم کیے۔دو طرفہ قرض دہندگان سے پاکستان نے ابتدائی آٹھ ماہ میں 334.96 ملین ڈالر حاصل کیے، جبکہ پورے مالی سال کے لیے 471.72 ملین ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔