کراچی( اسٹاف رپورٹر )ڈاکوؤں نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی ۔تفصیلات کے مطابق زمان ٹائون تھانے کی حدود کورنگی نمبر 6پر واقع بسم اللہ میڈیکل اسٹور میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران فائرنگ کر کے22سالہ نوجوان کو قتل کر دیا ۔ مقتول کی لاش کو جناح اسپتال لایا گیا جہاں اسکی شناخت 22 سالہ صہیب ولد محمد جاوید کے نام سے ہوئی۔ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے جناح اسپتال میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا۔انہوں نے بتایا کہ جاں بحق نوجوان میڈیکل اسٹور کا مالک تھا۔صہیب والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔ایس ایس پی طارق نواز نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان میڈیکل اسٹور پر لوٹ مار کرنے آئے،ملزمان نے رقم لوٹی اور فرار ہو رہے تھے تو اطراف کے لوگوں نے شور کیا۔شور سن کر ملزمان نے فائرنگ کر دی ۔مقتول کو ایک گولی کندھے پر لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی ۔واقعہ کی تفتیش جاری ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ایس ایس پی کورنگی کا کہنا تھا کہ واقعہ کے حوالے سے اسپیشل ٹیم تشکیل دی ہے جو اس کیس پر کام کرے گی۔