آج دنیا بھر میں نوروز کا تہوار منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر گوگل بھی نوروز کے رنگوں میں رنگا ہوا نظر آ رہا ہے۔
گوگل نے نوروز کے موقع پر نیا رنگین ڈوڈل جاری کیا ہے جسے ایرانی فنکار پیندر یوسفی نے ڈیزائن کیا ہے۔
نوروز کے تہوار کی تاریخ آج سے 3 ہزار سال پرانا ہے جس کا آغاز ایران یعنی فارس سے ہوا تھا لیکن گزرتے وقت کے ساتھ یہ تہوار دنیا کے کئی خطوں میں منایا جانے لگا۔
پارسی مذہب کے لوگ اپنے نئے کیلنڈر کے آغاز پر 20 مارچ کو نوروز مناتے ہیں جبکہ مارچ کے مہینے میں موسمِ بہار کا آغاز بھی ہوتا ہے اس لیے دنیا کے مختلف خطوں کے لوگ نوروز کو بہار کی آمد کے جشن کے طور پر مناتے ہیں۔
دنیا میں مذہبی طور پر ’نوروز‘ کو منانے والے افراد کی آبادی بہت کم تھی اس لیے اقوامِ متحدہ نے ایران، پاکستان اور ترکمانستان جیسے ممالک کی درخواست پر ایک دہائی قبل 21 مارچ کو ’عالمی یومِ نوروز‘ منانے کی منظوری دی تھی۔
جس کے بعد سے 20 مارچ کو پارسی مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگ اپنے مذہبی عقائد کے مطابق نوروز مناتے ہیں جبکہ21 مارچ کو دنیا کے مختلف خطوں میں موسمِ بہار کی آمد پر یہ جشن منایا جاتا ہے۔
عالمی سطح پر ’نوروز ڈے‘ منائے جانے کا مقصد دنیا کی ایک قدیم تہذیب کو زندہ رکھنا ہے۔