بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی فلم سکندر میں عامر خان کی فلم گجنی جیسا سرپرائز ایلیمنٹ ہو گا۔
سلمان خان کی آنے والی فلم سکندر کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے، اس میں سلمان خان کے ساتھ راشمیکا منڈانا مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔
فلم کے ٹریلر اور گانوں نے پہلے ہی شائقین کے جوش و خروش کو بڑھا دیا ہے، حال ہی میں فلم کے ڈائریکٹر اے آر مروگادوس نے ایک انٹرویو میں سکندر کے بارے میں چند دلچسپ انکشافات کیے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا سکندر بھی گجنی کی طرح جذباتی اور سنسنی خیز ایکشن پر مبنی ہو گی، تو انہوں نے جواب دیا کہ جی ہاں! یہ صرف ایک مسالہ فلم نہیں ہے بلکہ اس میں گہری جذباتی کہانی بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ گجنی ایک بوائے فرینڈ گرل فرینڈ کی محبت کی کہانی تھی، جبکہ سکندر شوہر اور بیوی کے رشتے پر مبنی ہے، یہ فلم جدید دور میں خاندانوں کے درمیان تعلقات، شادی شدہ جوڑوں کی زندگی اور ان کے درمیان پیدا ہونے والی دوریوں پر روشنی ڈالتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جیسے گجنی کو دیکھنے والے اسے سائیکو تھرلر سمجھ رہے تھے، لیکن عامر خان اور آسین کی محبت کی کہانی فلم کا اصل سرپرائز ایلیمنٹ نکلا، اسی طرح سکندر میں بھی ایسا ہی ایک جذباتی موڑ ہو گا جو ناظرین کو چونکا دے گا۔
اے آر مروگادوس نے کہا ہے کہ یہ فلم سلمان خان کے کیریئر کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی، یہ صرف عید پر ریلیز ہونے والی تفریحی فلم نہیں بلکہ اس میں ایکشن، جذبات اور وسیع پیمانے پر پسند کیے جانے والے عناصر موجود ہیں، جو ہر قسم کے ناظرین کو متاثر کریں گے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ جو لوگ میں نے پیار کیا اور ہم آپ کے ہیں کون میں سلمان خان کی اداکاری کو پسند کرتے تھے، انہیں بھی سکندر ضرور پسند آئے گی۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہو گا جب سلمان خان اور راشمیکا منڈانا ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے، یہ فلم عید 2025ء پر ریلیز ہو گی۔