• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارمغان کا والد کامران قریشی گرفتار، میڈیا سے معافی مانگ لی

کراچی( ثاقب صغیر/اسٹاف رپورٹر )اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کر لی۔اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے مطابق خفیہ اطلاع پر 7th اسٹریٹ بنگلہ نمبر 35 خیابان مومن فیز 5گزری میں کاروائی کرکے ملزم کامران اصغر قریشی ولد اصغر قریشی کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضہ سے 200گرام آئس اور ایک نائن ایم ایم پستول بمعہ2میگزین،10گولیاں برآمد کر لی گئیں۔ گرفتار ملزم کے خلاف کنٹرول آف نارکوٹیکس سبسٹینس ایکٹ اور بلا لائسنس اسلحہ رکھنے کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ ڈیفنس خیابان مومن سے گرفتار ملزم اور ارمغان کے والد کامران قریشی کی جدید اسلحہ خریدنے اور چلانے کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس پر حملے میں استعمال یہ اسلحہ ممکنہ طور پر کامران قریشی نے خریدا تھا تاہم اس بات کی تصدیق کی جا رہی ہے۔اس سے قبل پولیس ذرائع نے بتایا تھا کہ ملزم ارمغان نے گھر سے برآمد ہونے والے ہتھیار پشاور سے خریدے تھے ۔پولیس کی جانب سے اسلحہ خریدتے وقت کی فوٹیجز بھی حاصل کر لی گئی ہیں،۔ملزم نے تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ ارمغان کو کچھ اسلحہ بلال ٹینشن نامی شخص نے بھی لے کر دیا تھا۔ کامران قریشی کی اسلحے کی دکان سے ہتھیار خریدنے کے بعد پستول چیک کرتے وقت کی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے ۔پولیس کے مطابق ملزم ارمغان نے دوران تفتیش بتایا ہے کہ مصطفیٰ عامر کو قتل کرنے کے بعد اس نے سارا واقعہ اپنے والد کامران قریشی کو بتا دیا تھا جنہوں نے اسے مشورہ دیا کہ فی الحال کراچی چھوڑ دو اور روپوش ہو جائو۔پولیس کے مطابق ملزم ارمغان کے اس بیان کے بعد کامران قریشی سے بھی اس حوالے سے تفتیش کی جائے گی۔ اے وی سی سی کے ہاتھوں گرفتار ملزم کامران اصغر قریشی نے میڈیا سے معافی مانگ لی۔ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ میڈیا سچائی دکھا رہا تھا لیکن مجھے اپنا بیٹا نظر آ رہا تھا ۔میری وجہ سے اگر کسی میڈیا والے کی دل آزاری ہوئی تو معافی چاہتا ہوں
اہم خبریں سے مزید