بالی ووڈ انڈسٹری کے سپر اسٹار، اداکار رنبیر کپور نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ عالیہ بھٹ ان کی پہلی بیوی نہیں ہیں، اداکارہ سے قبل ان کی ایک اہلیہ تھیں۔
ایک انٹرویو میں فلم ’راک اسٹار‘ کے اداکار رنبیر کپور نے اپنی زندگی کے مزاحیہ اور دلچسپ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ میری ایک مداح سمجھتی ہے کہ وہ مجھ سے شادی کر چکی ہے اور وہ میری بیوی ہے۔
رنبیر کپور نے بتایا کہ عالیہ بھٹ سے قبل میری ایک اور ’پہلی بیوی‘ بھی ہے جس سے مجھے ابھی تک ملنے کا موقع نہیں مل سکا ہے۔
انہوں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کے واقعے کو یاد کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایک خاتون مداح نے میرے بنگلے کے گیٹ کے سامنے مجھ سے شادی کی تھی۔
اداکار کا کہنا ہے کہ مداح نے اس بنگلے کے سامنے شادی کی تھی جہاں میں پہلے اپنے والدین، آنجہانی اداکار رشی کپور اور اداکارہ نیتو کپور کے ساتھ رہتا تھا۔
رنبیر کپور نے مزید بتایا کہ میری اس خاتون سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی ہے لیکن میرے چوکیدار نے مجھے بتایا تھا کہ وہ خاتون مداح ایک پنڈت کے ہمراہ آئی تھی اور میرے گھر کے دروازے پر اس نے مجھ سے شادی کی تھی۔
انٹرویو کے دوران اداکار نے بتایا کہ میں ان دنوں شہر سے باہر تھا، واپسی پر مجھے بتایا گیا کہ وہ خاتون مداح پنڈت کی موجودگی میں میرے گھر کے دروازے کے سامنے سندور لگا کر، گلے میں منگل سوتر پہن کر، میرے گھر کے گیٹ پر ٹیکا اور کچھ پھول رکھ کر گئی تھی۔
رنبیر کپور نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ میں اس وقت شہر سے باہر تھا اس لیے میں ابھی تک اپنی پہلی اہلیہ سے ملاقات نہیں کر سکا۔