کوئٹہ (پ ر )پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئن(پی ٹی یو ڈی سی )کے مرکزی چیئرمین کامریڈ نذرمینگل ،غلام رسول،کامریڈ عمران خان ،یوسفی بلوچ ،یونس بلوچ ،کامریڈ عبدالرحمان اور دیگر نے گزشتہ روز سریاب روڈ پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کے پرامن مظاہرین اور دھرنا کے شرکاء پر تشدد ،واٹر کینن کے استعمال ،لاٹھی چارج ،آنسو گیس شیلنگ اور پھر براہ راست فائرنگ جس کی زد میں آکر بلوچ یکجہتی کمیٹی کے چار کارکنوں کی شہادت اور درجنوں کو زخمی کرنے کی مذمت کرتے ہوئےکہاہے کہ بلوچستان میں سیاسی کارکنوں کے خون سے ہولی کھیلا جارہاہے ،قبل ازیں سول ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھی گئی لاشوں کو دیکھنے کے لیے جانے والے لاپتہ افراد کے لواحقین جن میں خواتین ،نوجوان اور بوڑھے شامل تھے ان کو تشدد کانشانہ بنایاگیا ،خواتین کے سر پہاڑ دیئے گئے۔ان کو لہولہان کردیاگیا۔اور اب جمعرات اور جمعہ والے دن سریاب میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے پرامن مظاہرین اور دھرنا کے شرکا ء کو بدترین جارحیت اور تشدد کانشانہ بنایاگیا۔جمعہ والے دن سریاب ر وڈ کوبلوچستان یونیورسٹی ،منیراحمدمینگل روڈ ،شفیع کالونی ،عارف گلی ،زمیندار گلی ، کلی سردار بنگلزئی اور ایریگیشن کے مقام پر میدان جنگ بنادیاگیا۔جس کےباعث اب تک چار افراد کی شہادت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکمران ہوش کے ناخن لیں ۔فسطائیت پر مبنی پالیسیاں بند کی جائیں ۔حال ہی میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں سمیت بلوچستان بھر سےاٹھائے گئے تمام لاپتہ افراد اور سیاسی کارکنوں کو بازیاب کیاجائے ۔لواحقین کو سول ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھی گئی لاشوںکی شناخت کی اجازت دی جائے ۔کاسی قبرستان میںرات کی تاریکی میںدفنائے گئے 13 میتوں کی قبرکشائی کرکے ان کا ڈی این اے ٹیسٹ کیاجائے ۔ نادرا سے بھی ان کی ویریفکیشن کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لاشوں سے انتقام کی پالیسی کی کسی بھی طرح حمایت نہیں کی جاسکتی ۔انہوں نے کہاکہ تمام مظالمانہ پالیسیاں ترک کی جائیں ۔