افطاری میں اگر وہی روایتی پکوانوں سے بور ہو گئے ہیں تو آج اپنے دسترخوان پر ترکش ڈش پیش کیجیے۔
آپ کے لیے مزیدار بکلاوے کی ترکیب درج ذیل ہے، جسے آپ آج ہی بنائیں۔
افطار کے وقت اکثر افراد کو میٹھے کی طلب ہوتی ہے جو بکلاوے سے پوری ہو جائے گی۔
چینی 4 پیالی، بادام پستے باریک کٹے ہوئے 1/2 پاؤ، بریڈ کرمب 1/4 پیالی، پسی ہوئی دار چینی ڈیڑھ چمچ، ڈو شیٹ 40 عدد، بغیر نمک کا مکھن (پگھلا ہوا) 450 گرام، دارچینی کا ٹکڑا 1 عدد۔
اوون کو 300 ڈگری سینٹی گریڈ پر گرم کیجیے، بادام پستے ، 1/2 پیالی چینی، بریڈ کرمب اور پسی ہوئی دار چینی 1 پیالی میں ڈال کر ملائیں اور ایک جانب رکھ چھوڑیں۔
اب ڈو شیٹ کو بیکنگ پین کے مطابق کاٹ کر پین میں سیٹ کر لیجیے۔
پگھلے ہوئے مکھن کو پین میں لگائیں اور ڈوشیٹ کی پہلی تہہ پین میں بچھا دیں، اب اس پر مکھن لگائیے اور 2 چمچ بادام کا مرکب اس پر چھڑک دیں۔
اب ایک شیٹ پر مکھن لگائیں اور مکھن والی سطح پین میں موجود بادام کے مرکب پر رکھ دیں، 2 ڈو شیٹس اوپری سطح کے لیے چھوڑ کر باقی تمام ڈو شیٹوں کو اسی طرح لگاتی جائیں۔
آخری دو ڈوشیٹس کے درمیان مکھن لگا کر انہیں پین میں رکھ کر کنارے بند کریں اور اوپر سے ایک بار پھر مکھن لگائیں۔
چھری کی مدد سے اب پین میں موجود شیٹ کو 2 انچ کے فاصلے سے کاٹنا شروع کیجیے اور برابر سے 8 قطار کاٹ لیجیے۔
اب تھوڑا سا پانی چھڑکیں، بیکنگ پین کو پارچمنٹ پیپر کی مدد سے ڈھک دیں اور اوون میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ رکھ دیں۔
دوسری جانب بقیہ چینی، لیموں کا رس، دار چینی کا ٹکڑا اور 2 پیالی پانی کسی پین میں دھیمی آنچ پر گرم کر کے شیرینی تیار کر لیجیے۔
اب بکلاوا اوون سے نکالیے، پارچمنٹ پیپر ہٹا دیجیے اور تیار شیرینی بکلاوے کے اوپر انڈیل دیجیے۔
اس دوران بیکنگ پین کو اچھی طرح ہلائیں تاکہ شیرینی اچھی طرح ہر جانب پہنچ جائے۔
ٹھنڈا ہونے پر اسے چوکور ٹکڑوں کی شکل میں کاٹ لیجیے، مزیدار بکلاوا تیار ہے۔