• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زمین ملکیت اور جائیداد لین دین کا ریکارڈ ڈیجیٹلائز کیا جائیگا، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں زمین کی ملکیت اور جائیداد کے لین دین ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ زمین کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے پانی کے وسائل کی حفاظت انتہائی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بورڈ آف ریونیو کے اجلاس سے خطاب اور پانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میںکیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بورڈ آف ریونیو کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اس تبدیلی میں سنگ میلوں پر تبادلہ خیال کیا اور زمین کی دستاویزات اور منتقلی کے لیے ایک آسان، ٹیکنالوجی پر مبنی نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو (ایس ایم بی آر) بقا اللہ انڑ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، آئی بی اے سکھر کے وائس چانسلر آصف شیخ، سیکریٹری آئی ٹی نور احمد سموں، اسپیشل سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن زمان ناریجو اور دیگر نے شرکت کی۔ شروع میں وزیراعلیٰ مراد شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ زمین کی منتقلی کے پچھلے 12 اقدامات کے عمل کو سنگل سٹیپ ڈیجیٹل میکانزم میں ہموار کیا جانا چاہیے جس سے رسائی میں آسانی کو یقینی بنایا جائے اور بیوروکریٹک تاخیر کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سندھ کا ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ سسٹم جدید، ٹیکنالوجی سے چلنے والی گورننس، بدعنوانی کو کم کرنے، حق ملکیت کو یقینی بنانے اور جائیداد کے لین دین کو تیز کرنے کے لیے ایک مثال قائم کرے گا۔ چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ نے وزیر اعلیٰ کو ای سسٹم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے ایک حصے کے طور پر زمینی ریکارڈ کو دوبارہ لکھا جا رہا ہے اور اس کی تصدیق کی جا رہی ہے، ایک ڈیجیٹل لینڈ رجسٹر بنایا جا رہا ہے اور بلاک چین ٹیکنالوجی کو مربوط کیا جا رہا ہے تاکہ چھیڑ چھاڑ سے محفوظ ریکارڈ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انھوں نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ اس کے علاوہ ویب پر مبنی ای-ٹرانسفر سسٹم سرکاری دفاتر کے دوروں کی ضرورت کے بغیر ،بغیر کسی رکاوٹ کے جائیداد کے لین دین کی سہولت فراہم کرے گا۔ درستگی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے حکومت ولیج کے فارم-VII-A اور ولیج فارم-II کے ریکارڈ کو دستی طور پر دوبارہ لکھ رہی ہے جو کہ زمین کی ملکیت کے ڈیٹا کی بنیاد کے طور پر کام کرتے ہیں۔علاوہ ازیں پانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پانی زندگی ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔وزیراعلی سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ پانی کے ضیاع کو روکا جائے تاکہ ہماری نسلوں کے لیے محفوظ مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے سندھ میں پانی کی شدید قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی کے بحران کی وجہ سے زراعت اور معیشت کو سنگین خطرات لاحق ہیں، جبکہ سندھ کے کسان اور ماہی گیر مشکلات کا شکار ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ دریائے سندھ کے بہا میں کمی کے باعث لاکھوں لوگوں کا روزگار دا پر لگ گیا ہے، جبکہ ماحولیاتی تبدیلی اور پانی کی غیر منصفانہ تقسیم نے دریائے سندھ کے وجود کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دریائے سندھ کی خشک لہریں زندگی اور زراعت کے لیے خطرے کی گھنٹی ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے واضح کیا کہ سندھ کے پانی کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید