پشاور (خصوصی نامہ نگار) انٹلکچول پینل جامعہ پشاورنے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں جامعہ پشاور کے اساتذہ شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر اعلی تعلیم مینا خان آفریدی نے اساتذہ سے اپنے خطاب میں نئی پروموشن کو مشتہر کرنے کیلئے این او سی کی بابت اپنی کوششوں کے متعلق شرکاء کو تفصیلی طور پر آگاہ کیااور کیو ایس ریننگ میں جامعہ پشاور کے صوبے میں سرفہرست کارکردگی میں اساتذہ کی کامیابیوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ بہت جلد جامعہ پشاور صوبے کی دیگر جامعات کے ساتھ ساتھ ٹائمز ہائیر ایجوکیشن درجہ بندی میں اپنی کامیابیوں کو ریکارڈ کروانے میں متحرک نظر آئے گی ۔انہوں نے آئندہ آنے والے بجٹ میں اساتذہ کی ممکنہ طور پر آراء و سفارشات کو پیش کرنے پر زور دیا ۔ ایک سوال میں مینا خان آفریدی نے کہا کہ نئے ایکٹ کے نفاذ کے بعد سٹیچیوٹس اور سنڈیکیٹ اجلاس کو جلد از جلد منعقد کرنے کیلئے عملی کوششوں کا آغاز کردیا گیا۔ انہوں نے جیالوجسٹ ڈاکٹر سلیمان خان اور انٹلکچول پینل کے قائدین عارف خان اور پروفیسر سید حسین شہید سہروردی کی جانب سے تجاویز کا خیر مقدم کیااور کھلی کچہری کے طرز پر پروفیسرز کے مسائل سنے اور موقع پر احکامات صادر کئے۔