ہڈرزفیلڈ کے علاقے ایڈ گرٹن میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ واقعہ جمعہ کی رات تقریباً 10 بجے کوئنز روڈ پر پیش آیا، جہاں 40 سالہ شخص کو قریبی فاصلے سے گولی ماری گئی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شخص کو ٹانگ اور پاؤں میں شدید چوٹیں آئیں، جو اس کی زندگی بھر کے لیے معذوری کا سبب بن سکتی ہیں۔
ویسٹ یارکشائر پولیس نے اس واقعے کو ’’ہدف شدہ حملہ‘‘ قرار دیا ہے اور مشتبہ افراد کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، حملہ آور اور اس کا ساتھی ایک سیاہ گاڑی میں کوئنز روڈ پر پہنچے۔ گاڑی سے ایک شخص نکلا اور متاثرہ کے قریب جا کر قریبی فاصلے سے گولی چلائی۔ اس کے بعد وہ فوری طور پر گاڑی میں واپس بیٹھا اور گاڑی ای 629 ایڈ گرٹن روڈ کی جانب فرار ہو گئی۔
ویسٹ یارکشائر پولیس کی ہومی سائیڈ اینڈ میجر انکوائری ٹیم اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس واقعے کے متعلق کوئی معلومات ہوں تو وہ پولیس سے رابطہ کریں۔
معلومات فراہم کرنے کے لیے پولیس کے ہیلپ لائن نمبر 101 پر کال کریں یا ویسٹ یارکشائر پولیس کی ویب سائٹ پر لائیو چیٹ کے ذریعے رابطہ کریں۔