• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج افطاری میں بچوں کیلئے مزیدار بسکٹس بنائیں

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بچے بڑے سب ہی بسکٹس کھانا پسند کرتے ہیں، بالخصوص شام کی چائے کے ساتھ بسکٹس کھانے کا اپنا ہی مزہ ہے۔

بسکٹس سے ناصرف منہ کا ذائقہ تبدیل ہو جاتا ہے بلکہ یہ بے وقت کی بھوک بھی مٹاتے ہیں تو پھر کیوں نہ آج افطار میں بچوں کی پارٹی ہو جائے، ان کے لیے مزیدار بسکٹس گھر پر بنائیں۔

مزیدار بسکٹس کی تراکیب درج ذیل ہیں۔

چیز بسکٹس

اجزاء:

میدہ 1 کپ، نمک 1/2 چائے کا چمچ، کالی مرچ 1/2 چائے کا چمچ، مسٹرڈ پاؤڈر 1/2 چائے کا چمچ، مکھن 4 اونس، چیڈر چیز 4 اونس (کدوکش)، دلیہ 2 کھانے کے چمچ، پیپریکا 1 چائے کا چمچ، انڈے کی سفیدی 1 عدد۔

ترکیب:

ایک پیالے میں میدہ، نمک، کالی مرچ اور مسٹرڈ پاؤڈر ڈال کر مکس کریں۔ 

اب اس میں مکھن شامل کر دیں اور کچھ دیر تک مکس کرتے رہیں، اس کے بعد چیڈر چیز شامل کریں اور اچھی طرح گوندھ لیں۔

اب تھوڑا سا خشک میدہ چھڑک کر ڈو کو پتلا بیل لیں، پھر کسی بھی شکل کے کوکیز کاٹ لیں اور بیکنگ شیٹ پر رکھ دیں۔ 

اس کے بعد انڈے کی سفیدی کو پھینٹ کر برش کی مدد سے کوکیز پر لگا دیں، پھر دلیہ اور پیپریکا مکس کر کے کوکیز پر چھڑکیں۔

آخر میں انہیں 220 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرم اوون میں 5 سے 6 منٹ بیک کر لیں۔

کوکونٹ بادام کوکیز

اجزاء:

مکھن 1/2 کپ، بیکنگ سوڈا 1/2 چائے کا چمچ، کھٹی کریم 1/2 کپ، سفید آٹا 1/2 کپ، کٹے ہوئے بادام 1/2 کپ، دانے دار چینی 1 کپ، انڈے 2 عدد، ونیلا ایسینس 1 چائے کا چمچ، کھوپرا 2 کپ۔

ترکیب:

ایک مکسنگ باؤل میں مکھن کو الیکٹرک مکسر سے میڈیم یا ہائی اسپیڈ پر پھینٹیں، اب اس میں چینی اور بیکنگ سوڈا ملا دیں اور اتنا پھینٹیں کہ وہ یکجان ہو جائیں۔

پھینٹے ہوئے مکسچر میں انڈے، کھٹی کریم اور ونیلا ایسنس ملا دیں اور مکسر کی مدد سے جتنا آٹا پھینٹنا ممکن ہو پھینٹتے ہوئے شامل کر لیں۔

اگر آٹا بچ جائے تو لکڑی کے چمچ کی مدد سے چلاتے ہوئے ناریل اور بادام ملا دیں۔

بیکنگ پین میں پہلے سے چکنی کی ہوئی کوکی شیٹس بچھائیں، اس پر پھینٹے ہوئے مکسچر کو گول چمچ سے گراتے جائیں۔

 350 ڈگری پری ہیٹ اوون میں لگ بھگ 12 منٹ یا گولڈن براؤن ہونے تک بیک کریں پھر کوکیز کو ٹھنڈا کر کے پیش کریں۔

خاص رپورٹ سے مزید