کوئٹہ(خ ن) رمضان المبارک و عیدالفطر کے موقع پر عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپکشن ٹیمیں صوبے بھر میں متحرک ہیں۔ اس ضمن میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں،کچلاک اور قلعہ سیف اللہ میں بڑی کارروائیاں کی گئیں، جہاں غیر معیاری، ناقص اور مضر صحت بیکری مصنوعات کی تیاری اور فروخت میں ملوث 15 بیکریوں، بیکنگ یونٹس اور سویٹس شاپس سمیت 30 سے زائد خوراک کے مراکز کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ مذکورہ مراکز کے مالکان پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے، جبکہ معمولی نقائص پرمتعدد مراکز کو وارننگ نوٹس جاری کئے گئے۔ دیگر جرمانہ کئے گئے مراکز میں جنرل اسٹورز، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز، فوڈ پوائنٹس، ملک شاپس، گوشت کی دکانیں اور مصالحہ شاپس شامل تھیں، جہاں دورانِ انسپکشن زائد المیعاد اشیاء، ملاوٹی خوراک اور صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے۔ معائنہ ٹیموں نے مختلف ڈیپارٹمنٹل اسٹورز سے زائد المیعاد اور غیر معیاری خوردنی اشیاء کی بڑی مقدار ضبط کر لی، جنہیں بعد ازاں تلف کر دیا گیا۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق بی ایف اے کی آپریشن ٹیمیں رمضان المبارک اور عید کے موقع پر خوراک کے مراکز کی چیکنگ کیلئے خصوصی طور پر متحرک ہیں تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوردنی اشیاء فراہم کی جا سکیں۔ ترجمان کے مطابق بلوچستان فوڈ اتھارٹی عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ غیر معیاری یا ملاوٹی خوراک کی فروخت کی صورت میں فوری طور پر اتھارٹی حکام کو اطلاع دیں ۔