کراچی (بابر علی اعوان/ اسٹاف رپورٹر )دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی کمپنیاں ٹیسلا اور اسپیس ایکس سخت مقابلے اور سیاسی تنازعات کی وجہ سے دباؤ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے چین میں بی وائی ڈی نے ٹیسلا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جبکہ اسپیس ایکس کے صارفین مسک کے غیر متوقع فیصلوں سے پریشان ہیں۔دی اکنامسٹ کے مطابق امریکی حکومت کی اصلاحات اور سیاسی تنازعات میں مصروفیت کے باعث ایلون مسک اپنی کمپنیوں پر توجہ دینے میں ناکام رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کے حریف ان کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں سب سے بڑا نام ٹیسلا اب چین کی سب سے بڑی کار مارکیٹ میں بی وائی ڈی سے پیچھے ہو گئی ہے۔ فروری میں ٹیسلا کی فروخت میں 49 فیصد کمی آئی جبکہ بی وائی ڈی نے 161فیصد اضافے کے ساتھ مارکیٹ پر قبضہ جما لیا۔