اسلام آباد (طاہر خلیل) اوورسیز پاکستانیوں کو شناختی دستاویزات سے متعلق خدمات اور سہولتیں فراہم کرنے کیلئے دنیا کے اہم ملکوں میں نادرا دفاتر قائم کر دیئے گئے۔ نادرا پاکستانی سفارتخانوں میں پاکستانی تارکین وطن کو خدمات فراہم کرے گا۔ ایک اہم پیش رفت کے طور پر نادرا نے ناروے میں مقیم پاکستانیوں کی بھرپور سہولت یقینی بنانے کے لئے دارالحکومت اوسلو کے پاکستانی سفارتخانے میں نادرا کاؤنٹر قائم کر دیا ہے۔ اس کاؤنٹر کے ذریعے ناروے میں رہنے والے سمندرپار پاکستانیوں کو شناختی دستاویزات سے متعلق تمام خدمات فراہم کی جائیں گی۔ خدمات کے اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے بحرین کے شہر ماناما، کینیڈا میں مانٹریال اور وینکوور، جنوبی افریقہ کے شہر پریٹوریا اور اٹلی کے شہر میلان میں نادرا کاؤنٹرز قائم کرنے کے لئے کام جاری ہے۔ دنیا کے جن ممالک میں پاکستانی شہری خاطرخواہ تعداد میں موجود ہیں انہیں شناختی دستاویزات سے متعلق خدمات فراہم کرنے کے لئے نادرا نے متعلقہ پاکستانی سفارت خانوں کے ساتھ مل کر وہاں نادرا مراکز یا کاؤنٹر قائم کئے ہیں۔