کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس مقابلہ، اقدام قتل اور غیرقانونی اسلحہ برآمدگی سے متعلق 3مقدمات میں ملزم ارمغان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر مقدمات کا چالان بھی طلب کرلیا ہے ۔ دوسری جانب ایف آئی اے کی جانب سے مصطفی عامر کے اغوا اور قتل کےکیس کے ملزم ارمغان کی منی لانڈرنگ سے متعلق مقدمہ میں گرفتاری کیلئے بھی عدالتوں سے رجوع کیا گیا۔ ایف آئی اے کو ملزم ارمغان کی کسٹڈی نہیں مل سکی ۔ ایف آئی اے کومحکمہ داخلہ سندھ سے رابطہ کرنےکی ہدایت کردی گئی ہے ۔ منگل کو جوڈیشل کمپلیکس میں قائم انسداد دہشت گردی عدالت میں مصطفیٰ عامر کے اغوا اور قتل کیس میں گرفتار ملزم ارمغان کے خلاف پولیس مقابلہ، اقدام قتل اور غیرقانونی اسلحہ برآمدگی سے متعلق 3مقدمات کی سماعت ہوئی ۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیاکہ کیا آپ کو ملزم کا جسمانی ریمانڈ چاہئیے۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھاکہ نہیں آپ ملزم کو جیل کسٹڈی کردیں۔ عدالت نے ملزم ارمغان کو تینوں مقدمات میں جیل بھیج دیا۔ عدالت نے تفتیشی افسرکو آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ پولیس کے مطابق مصطفیٰ عامر قتل کیس میں ملزم ارمغان کو پہلے ہی جیل بھیجا جاچکا ہے، ملزم ارمغان عدالتی ریمانڈ پر جیل میں قید ہے۔ دوسری جانب ایف آئی اے کی جانب سے مصطفی عامر کے اغوا اور قتل کے کیس کے ملزم ارمغان کی منی لانڈرنگ سے متعلق مقدمہ میں گرفتاری کیلئے انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت سے رجوع کیا گیا ۔