خیبر پختونخوا میں صنعتوں کےلیے الاٹ اراضی دیگر مقاصد کےلیے استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
پشاور میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ نے چیف سیکرٹری کے پی کو مراسلہ ارسال کر دیا۔ مراسلے کے مطابق ماضی میں حکومت نے صنعتوں کے قیام کےلیے زمینیں خرید کر الاٹ کیں۔
مراسلے کے مطابق بعض زمینیں غیرفعال یا دیگر مقاصد کےلیے استعمال ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ زمینوں کا غیر صنعتی استعمال شرائط و ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔
مراسلے کے مطابق محکمہ صنعت، قانون اور ریونیو حکام پر مشتمل ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق زمینوں کی الاٹمنٹ اور قانونی حیثیت کا تفصیلی جائزہ لینے اور صوبے بھر میں صنعتی مقاصد کےلیے حاصل زمینوں کا مکمل آڈٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق زمینوں کے غیر مجاز استعمال پر قانونی کارروائی اور جرمانے کی تجاویز طلب کی گئی ہیں اور صنعتی مقصد کےلیے الاٹ زمینوں کو اصل مقصد کےلیے بروئے کار لانے کا پلان تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔